قدیم یونانی رقص

تعریف

Nathalie Choubineh
کے ذریعہ، ترجمہ Zohaib Asif
10 November 2020 پر شائع ہوا 10 November 2020
دوسری زبانوں میں دستیاب: انگریزی, فرانسیسی, یونانی, اطالوی, فارسی
آرٹیکل پرنٹ کریں
Red-figured Hydria - Dance Training Session (by The Trustees of The British Museum, CC BY-NC-SA)
سرخ ہائڈریا- رقص کی مشق
The Trustees of The British Museum (CC BY-NC-SA)

قدیم یونان میں، روزمرہ زندگی میں رقص ایک کلیدی حیثیت رکھتا تھا. یونانی نہ صرف مختلف مواقع پر رقص کیا کرتے تھے، بلکہ انہوں نے گیند سے کھیلنا اور لے کے ساتھ ہونے والی جسمانی حرکات کو بھی رقص کا نام ہی دیا. حتی کہ اہل یونان کے قریب رقص موسیقی کی جانب جسم، ذہن اور روح کا فطری رد عمل ہے. وہ شادیوں اور شراب کی محفلوں (سپموزیا: بزم مے) میں بے ساختہ جھوم اٹھتے تھے، یا پیش ترتیب دی گئی رقص بندی پر کارکردگی دکھاتے جن کی نظیر قدیم یونانی تھیٹر میں ہم نواؤں کی رقص میں ملتی ہے. یونانی رقص انفرادی طور پر بھی کیے جاتے تھے اور اجتماعی طور پر بھی. یہ رقص ایک کہانی بھی بیان کرتے، جنگی اور بازی گری کے ہنر اور کرتب کی نمائش بھی کرتے، اور دیگر مذہبی رسوم و روایات کے اہم عناصر کے علاوہ مختلف معاملات کو بھی ظاہر کرتے.

اگرچہ رقص کو یونانی ادب میں مجموعی طور پر "موسیقی" (ایک ہمہ گیر اصطلاح جس میں موسیقی تیار کرنا، رقص، گائیکی، سخن گوئی اور تقریر جیسے تمام فنون لطیفہ کا احاطہ کیا جاتا ہے)، ثبوتوں کا ایک وسیع ذخیرہ موجود ہے جو اس نکتہ کو جواز فراہم کرتا ہے کہ رقص کی مشق ایک انفرادی ہنر کے طور پر کی جاتی تھی. رقص کی شکشا (جمنوپیداںٔی) درسگاہوں میں ایک بنیادی مضمون تھا، اور گلدان پر کی جانے والی نقاشی اور مصوری میں مرد اور خواتین اساتذہ کی زیر نگرانی رقص کی مشق کرنے والے لڑکوں اور لڑکیوں کی تصاویر نمایاں ہیں. افلاطون، لوشین اور ایتھنیاس جیسے کلاسیکی مصنفین اور ادبا جسم اور ذہن پر اس کے تعمیری اثر و نفوذ کے باعث اچھے شہریوں، مرد و خواتین کی ترقی کے لئے رقص کی تجویز پیش کرتے ہیں. متعدد قدیم تہذیبوں کی طرح، قدیم یونانی معاشرے میں بھی تقریباً ایک ہزار سال تک رقص نے ایک بنیادی کردار ادا کیا.

آغاز

محو رقص خواتیں کی تصاویر کو عموماً دیویوں اور کاہنوں کے طور پر پہچانا جاتا ہے، جس سے رقص اور مذہبی عقائد میں ایک کلیدی تعلق واضع ہوتا ہے

یونانی رقص کی ابتداء کے آثار لگ بھگ دو ہزار سال قبل مسیح سے ملتے ہیں. روایت ہے کہ منوآن تہذیب کا گڑھ، کریٹ یونانی رقص کی جائے پیدائش ہے. میسینین تہذیب اور چکروچک (سائکلیڈک) نفوس پر منوآن فن اور ثقافت کی گہری چھاپ موجود ہے اور ان تینوں کے امتزاج نے اس ثقافت اور تمدن کو جنم دیا جسے کلاسیکی یونانی یا ہیلینک کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے. چنانچہ قوی امکان ہے کہ یونانی رقص کی مختلف شکلیں منوآن کریٹ میں اپنے آغاز سے ارتقاء پذیر ہوئی ہوں. سوفوکلیز(496 ق م-406 ق م)، ایک یونانی ڈرامہ نگار جو المیہ تخلیق کرتا تھا، اپنی کتاب اجاکیو (ایجیکس) میں پین، جس نے کنوسوس میں مشق کیے جانے والے رقص کے مراحل اور قدم کی بنیاد پر رقص کی مختلف اور متنوع اقسام کو ایجاد کیا، کو خداؤں کا رقص کنندہ قرار دیتا ہے. ایتھنیاس بھی کریٹ کو طرح طرح کی رقص کی شکلوں، جن میں بروسی، جنگی، شہوت پرستانہ "سیکینس" یا "ساتر" شامل ہیں، کا موجد تسلیم کرتا ہے. فیسٹوس کے قریب آیا ٹری آڈا اور کنوسس کے قریب آںٔیسوپاٹا سے 1500 ق م کے دور کی مہریں اور سونے کی انگوٹھیاں ملی ہیں جن پر رقص میں ملوث خواتین کی تصاویر کندہ تھیں. کریٹ کے مشرقی کنارے پر، پالیکاسترو کے گاؤں میں کئی خواتین رقاصاؤں کی مٹی سے بنی مورتیاں ملی ہیں. ان خواتین رقاصائیں کی کنوسس کے منوآن دور کے اخروی حصے میں بناۓ جانے والے محل کی دیواری تصویر میں بھی منظر کشی کی گئی ہے.

اہل کریٹ کے محو رقص خواتین کی کندہ کی گئی تصاویر میں ان کی شناخت بطور دیویوں یا کاہنوں کی جاتی ہے جس سے رقص اور مذہبی عقائد کے مابین ایک بنیادی تعلق کا اشارہ ملتا ہے جو کہ زیادہ تر ابتدائی معاشروں اور قدیم تہذیبوں بشمول یونان میں عام تھا. لوشین، جس کے ہم ممنون ہیں کہ انہوں نے ہم تک قدیم (یونان و روم) رقص کے بارے میں موجود واحد دستاویز پہنچائی، کا عقیدہ تھا کہ رقص ایک آفاقی اور سنساری تخلیق ہے کیونکہ ستارے اور سیارے اپنے اپنے ہم آہنگ مدار میں کائنات کے گرد رقص کر رہے ہیں. یونانی اساطیری روایات کے مطابق فلکیات کی دیوی، یورینیا، کے پاس کسی حد تک رقص کی بھی اجارہ داری تھی، جب اس نے فن رقص کے نظریاتی پہلو کا منصب حاصل کر لیا، جس کی مرکزی سرپرست اس کی بہن، ٹیرپیسکور (جسے "بشاط رقص" بھی کہا جاتا ہے) تھی. قدیم یونان میں رقص کی اس اولین اہمیت کو مزید تقویت آثار قدیمہ سے ملتی ہے. اب تک یونانی حروف تہجی میں لکھی جانی والی پہلی تحریر، ڈپلئون کی تحریر، جو کہ سرخ پختہ مٹی سے بنے شراب کے ایک جگ پر نوشتہ ہے، کے مطابق یہ جگ "سب سے شستہ رقص کرنے والوں کے لیے انعام ہے".

رقص کی اقسام

یونانی رقص کو مجموعی طور پر انفرادی اور اجتماعی کارکردگی میں تقسیم کیا جا سکتا ہے. انفرادی درجہ کی کارکردگیوں کی مزید دو اقسام ہیں، پیشہ ور فنکاروں کی علیحدہ علیحدہ اظہار فن کی محفلیں اور آج کل کے دور کی بزم رقص کی مانند تفنن طبع کے لیے بے قاعدہ رقص.
انفرادی رقص کا مظاہرے کو زیادہ تر بازی گری یا حیرت انگیز کرتب کی نمائش کے ساتھ منسلک کیا جاتا ہے. زینوفون (430 ق م- 354 ق م) اپنی کتاب اینابس میں یونانی سپاہیوں میں سے چند ہمراہیوں کو سراہا ہے جنہوں نے اہل یونان اور اہل پافلاگون کے امن معاہدے کے جشن کے موقع ان کی تفریح کے لیے کرتب دکھاۓ. ایک مغنی نے ایک ہلکی ذرہ کو ہاتھ میں پکڑ کر دو تخیلاتی جنگجوؤں کے مابین لڑائی کی منظر کشی کی. بعد ازاں، جنگجو کے لباس میں ملبوس ایک لڑکی نے یونان میں سب سے مشہور جنگی رقص "آگ کا ناچ" کی نمائش کر کے ناظرین کو اپنی کارکردگی سے ورطہ حیرت میں مبتلا کر دیا.

Acrobat-dancer on a Hydria
کھیل کا کرتب دکھانے والا- ہائیڈرا پر ایک رقاص
The Trustees of The British Museum (CC BY-NC-SA)

انفرادی طور پر کیے جانے والے رقص کا ایک اور مقام "سمپوزیم" تھا، جہاں موسیقی سے تفریح پہنچانے کے لیے پیشہ ورانہ شعبدہ بازوں کو اجرت پر رکھا جاتا تھا. موسیقی لطف (ہیڈونی) کا مرکز و محور تھا اور بسا اوقات اس میں پیشہ ور گائکوں، آلوس بجانے والے خواتین (آلیترائڈ) اور بربط ساز خواتین (سالتیریاںٔی) کی نغموں پر رقص کرتی مستورات بھی شامل ہوتیں. بعض دفع یہ رقاصائیں نغمے اور دھن بنانے میں بھی اپنا کردار ادا کرتیں اور تھپاک/چمٹوں کی مدد سے بحر و بہاؤ کو بھی ثابت رکھتیں. اگر میزبان ایک پورے شعبدہ باز گروہ کو اجرت دینے کی استعداد رکھتا، تو اس بزم نشاط میں ایک طرز کی متنوع نمائش بھی شامل ہوتی جس میں کثیر الاتعداد رقص اور ناچ کی دلکش اور دل جریا نمونے، لاجواب کھیل کود کے کرتب اور اظہار موسیقی کے چلتر دکھاۓ جاتے.

یہ عموماً اسی سمپوزیم کا ہی آخری جام دار لمحہ ہوتا تھا جب مہمان طنزیہ کوموس" رقص جسے "جنونی شرابیوں کا رقص" میں اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوتے

سپموزیا ہمارے لیے اہل یونان کے فی البدیہہ غیر مربوط رقص کے علم کا بھی مرکزی ذریعہ ہے. عیش و عشرت در حقیقت، انفرادی برجستگی کے طور چند ہم پیالوں و ہم پیمانوں کے ہمراہ خمیدہ جسم کو مدھم دھن پر حرکت دینا کی ہی ایک قسم تھا. یہ عموماً اسی سمپوزیم کا ہی آخری جام دار لمحہ ہوتا تھا جب مہمان رقص و سرور میں مبہوت مصروف خرام ہوتے ہوئے اور جھومتے ہوۓ اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوتے. ساتھ ہی ساتھ وہ شراب و جام کے دیو ڈیونیسیس کو اپنے ایک قسم کے طنزیہ "کوموس" رقص جسے "جنونی شرابیوں کا رقص" بھی کہا جاتا ہے، میں خراج تحسین پیش کرتے.

یونانی رقص کی دوسری قسم اجتماعی طور پر ادا کیا جاتا تھا. اس میں باہمی مماثلت رکھنے والی اور بسا اوقات پیش تیار کردہ حرکات کا ایک سلسلہ شامل ہوتا ہے جس کو ایک ایسا گروہ پیش کرتا ہے جس کے ارکان نیم پیشہ ور (جیسا کے تھیٹر گروہوں میں) یا عام پیش بین (مذہبی رسومات، شادیوں، جنازوں کے)، ایک ہی جنس کے یا تمام مرد/تمام عورتیں ہوتی ہیں. یہ بھی اکثر اوقات بیان کیا جاتا ہے کہ قدیم دور میں رقص ایک اجتماع طور پر کی جانے والی سرگرمی تھی، اور یہ کہ یونانی رقص ایک گروہ ہی پیش کرتا تھا. ہومر (750 ق م)، رقص پر سب سے پہلے لکھنے والے قدیم لکھاریوں میں سے ایک، اپنی الییڈ میں اشیلس کی ڈھال کو رقصاں مرد و زن کے تین گروہوں سے منور دکھاتا ہے. مادی اشیا کی تہذیب میں، نامور یونانی کاریگر اور فنکار سب سے پہلے 575 ق م میں فراسوا گلدان، جو کہ شراب اور پانی کو ملانے کے لیے استعمال ہوتا تھا، پر ظاہر ہوتے ہیں. اس گلدان کے سب سے اوپر موجود کپڑے کی سطح کے نیچے کنارے پر 14 نوجوانوں اور مہیلاؤں کے گروہ کو دکھاتا ہے جو ہاتھوں میں ہاتھ تھامے کریٹ سے ایتھینیا کے شہزادے تھیسس کے ذریعے اپنی آزادی کا جشن منانے کے لیے ایک قطار میں کھڑے ہوتے ہیں.

دوسروں کی طرح پلوٹارک، پولکس اور لوشین نے بھی اس رقص کو گیرانوس نامی تیز رقص کے لڑی والے ناچ سے جوڑا. اس میں درحقیقت لڑی یا قطار والا رقص یونانی گروہی رقص میں سے واحد و یکتا سب سے زیادہ اکثریت میں پیش کیا جانے والا رقص ہے. باقی دو اقسام مدور اور ٹیڑھی میڑھی؛ (زگ زیگ) ہیں. لکیری رقص کو مذہبی رسومات جیسا کہ عوامی خوشی کے موقع پر جلوس اور روزمرہ کے معمولات جیسا کہ شادی بیاہ اور جنازوں، دونوں کے ساتھ جوڑا جاتا ہے. مدور رقص، بھی ایسے ہی تہوار کا حصہ ہوتے تھے جب لکیری رقاصائیں کسی دیوتا کی قربان گاہ کے گرد ناچ دکھاتے/دکھاتیں. گیرانوس جیسے ناچ، جن کا تعلق بھول بھلیا یا اس ڈوری سے تھا جسے تھیسس نے آریاڈنے کو راستہ ڈھونڈنے کے لیے دیا تھا، رقاص ان دو عناصر کی اہم جوڑ کی منظر کشی کر سکتے تھے.

Nikosthenic Amphora with Dancing Satyrs & Maenads
محو رقص ساتر اور میناڈز کے ساتھ نکوستھینک صراحی
The Cleveland Museum of Art (Public Domain)

لکیری اور مدور رقص کی قسم عموماً قدیم یونان کے سب سے مشہور ناچ، ایک گروہی تھیٹر میں استعمال ہوتے تھے. اس ناچ کی اصل شکل، ڈتھریمب، کو کئ مرتبہ ڈیونیسس سے منسلک کیا جاتا ہے. یہ اجتماعی طور پر پیش کی جانے والی کارکردگیوں میں سے سب سے پائیدار شکل تھی جسے ساتویں صدی ق م سے لے کر عہد قدیم کے اخروی حصے تک چلی. یونانی ڈرامہ کی جاۓ پیدائش، عظیم ڈاؤنسیا کی ترقی چھٹی صدی قبل مسیح میں گیت کے شاعر ہرمیون کے لاسس نے ایتھنز میں گروہ میں پیش کیا جانے والا رقص اور گانے کو متعارف کروانے پر ہوئی. یونانی تھیٹر میں کاریگروں کا گروہ پہلے سی ترتیب دی گئی رقص بندی حرکات کو "پیرابیسیس"، جو کہ ناظرین تک ڈرامہ نگار کے پیغام کی موسیقانہ ترسیل ہے، میں ادا کرتے تھے. اس گروہ کی سربراہی کے فرائض "کوریگوس" ادا کیا کرتا تھا. رقص کی رفتار، تال اور لے ڈرامے کے شاعرانہ خصوصیات کے مطابق مختلف ہو سکتی تھی. اور ہر ڈرامائی صنف کے لیے ایک منفرد قسم کا رقص مخصوص ہوتا تھا. اس گروہ نے المیوں میں "امیلیا"، یونانی مزاح اور طرز ظرافت میں "کورڈکس" اور طنزیہ ڈرامے میں" سکنسس" کو پیش کیا.

رقاص کردار

قدیم یونانی ادب میں اساطیری اور تاریخی، دونوں قسم کے رقصاں کرداروں کی کئی جگہ نمائش کی گئی ہے. اوڈیسس نوسیکا کی خوبصورتی اور دلکشی کو اپنے دل جریا رقص کے ذریعے ظاہر کرتی ہے. ایرمز فیلومیلا سے اس وقت محبت کر بیٹھتا ہے جب وہ اسے آرٹیمس کے اعزاز میں رقص کرتے دیکھتا ہے. چھٹی صدی قبل مسیح کے ابتدائی ادوار میں سائیکون کی شہزادی اگریسٹ سے شادی کرنے کے لیے ایتھینیا کے ایک مشہور و نامور رئیس ہپوکلیڈس نے شادی کے موقع پر اندھے نشے میں کوموس اور بازیرگر رقص کے ایک نامناسب و ناموزوں امتزاج کو پیش کر کے شادی کو ایک. نیا رنگ دیا

سب سے مشہور رقاص کردار ڈائنیسس کے ہی ساتھی ہیں. اس کے مرد نوکر چاکروں میں اپنی ناقابل برداشت خوش َمزاجی اور شرارتی کردار کے کارن جانے جانے والے ساتر، جو کہ آدھے مرد اور آدھے بکرے تھے، شامل ہیں. زیادہ تر یہ ساتر ڈائنیسس کی پجارنوں، جنہیں میناڈ کہا جاتا ہے، کا پیچھا کرتے اور رقص کرتے پاۓ جاتے ہیں. یہ میناڈز، جس کا لغوی معنی "خبطی عورتیں" ہیں، ہرن کی کھال زیب تن کرتی تھیں اور اپنے ساتھ "تھائروس" کے نام سے موسوم ایک سونف یا پائپ کی ایک لمبی چھڑی رکھتی تھیں. ان کا پر جوش رقص عموماً تشدد اور سانپوں کے ساتھ کھیلنے یا جانوروں کی ٹکڑے ٹکرے کرنے پر اختتام پذیر ہوتا تھا. یونانی المیہ نگار یوریپائڈز (484 ق م-407 ق م) اپنی کتاب "واکیئس"، جو کہ واخس کے بعد میناڈز کے لیے ایک دوسرا نام ہے، میں تھیبن خواتین کی کہانی سناتا ہے جن کی ملکہ ماں اگیو کی قیادت میں، ڈائنیسس کی جانب سے طاری کیے گئے نشے میں مبہوت ہو کر پینتیس کو قتل کر دیا.

Maenad Relief, Capitoline Museums
میناڈ کی آزادی، کیپیٹولین عجائب گھر
Mark Cartwright (CC BY-NC-SA)

ان اساطیری رقاصوں کو فانی مخلوق نے بھی نقل کیا. 400 ق م سے ملنے والے ایک "پرونوموس گلدان"، جو کہ ایک بہت بڑا اور بہت پیچیدگی سے سجایا گیا پیالہ نما برتن پردے کے پیچھے ڈائنیسس، جس کے ڈرامے کو انہوں نے پیش کرنا ہے، کے گرد اکٹھے ہوۓ ساتر کے لباس میں ملبوس مردوں کی منظر کشی کرتا ہے. اس گلدستے کے دوسری طرف ڈائنیسس اور اس کی رقاصہ رفیق حیات، کریٹ کی شہزادی آریاڈنے، کو پائپ چلانے والے پرومونوس کی ہتک کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے. کئی مواقع پر خواتین نے بطور میناڈز اپنا کردار ادا کیا. یہ رسم صرف خواتین کے لیے مخصوص تہواروں کا حصہ ہو سکتی تھی. ایریگونیا کے سالانہ تہوار کے موقع پر، مثال کے طور پر، تین رقاصاؤں کا ایک گروہ سرمستی میں پہاڑوں کی جانب بھاگ گئیں اور اپنے مادی و زمینی وجود سے خود کو بلند کرنے کے لیے اور اپنے خدا ڈائنیسس سے ملنے کے لیے ساری رات اجتماعی خوشی میں خراماں خراماں گھومتی رہیں.

اگرچہ موجودہ یونانی رقص کو قدیم دور سے ملانا ایک قطعی مشکل کام ہے، قدیم یونانی رقص کی اقسام اور حرکات آج بھی کئی یونانی معاشروں میں موجود ہیں. قدیم یونانی رقص نے امتداد زمانہ کے ساتھ دنیا کی کئی ثقافتوں میں اپنی ملحقہ کہانیوں اور کرداروں کے ذریعے شعراء، ادیبوں، مصنفین، مصورین، رقاصوں، سٹیج پر کارکردگی دکھانے والوں اور بہت سوں کو متاثر کیا ہے اور متاثر کر رہا ہے.

مترجم کے بارے میں

Zohaib Asif
جی میں زوہیب ہوں، زبان کا جادوگر اور ذہن کا مورخ۔ وقت کی چابی موڑنے والا، ماضی کے دریچوں میں جھانکنے والا الفاظ کا سنار۔ زبان اور تاریخ کے اس سفر پر میرا ساتھ ضرور دیجیے کیوں کہ اکھٹے ہم تاریخ کے سر بستہ رازوں سے پردہ ہٹائیں گے اور ساتھ ساتھ اٹھکیلیاں بھی کریں گے

مصنف کے بارے میں

Nathalie Choubineh
میں ایک مترجم اور محقق ہوں. مجھے قدیم رقص، عقائد اور رسومات، اساطیر، تاریخ، فن پاروں اور ثقافتی اظہار کی دیگر اقسام میں دلچسپی ہے. مجھے سیکھنا اور سیکھا ہوا علم دوسروں تک پہنچانا بے حد پسند ہے.

اس کام کا حوالہ دیں

اے پی اے اسٹائل

Choubineh, N. (2020, November 10). قدیم یونانی رقص [Ancient Greek Dance]. (Z. Asif, مترجم). World History Encyclopedia. سے حاصل ہوا https://www.worldhistory.org/trans/ur/1-19269/

شکاگو سٹائل

Choubineh, Nathalie. "قدیم یونانی رقص." ترجمہ کردہ Zohaib Asif. World History Encyclopedia. آخری ترمیم November 10, 2020. https://www.worldhistory.org/trans/ur/1-19269/.

ایم ایل اے سٹائل

Choubineh, Nathalie. "قدیم یونانی رقص." ترجمہ کردہ Zohaib Asif. World History Encyclopedia. World History Encyclopedia, 10 Nov 2020. ویب. 20 Nov 2024.